تاریخِ راولپنڈی اور راجہ محمد عارف منہاس رحمہ اللہ
راجہ محمد عارف منہاس رحمہ اللہ پوٹھوہار کی سرزمین کے اُن معدودے چند محققین میں سے تھے جنہوں نے اپنی زندگی کو تاریخ، آثارِ قدیمہ اور تہذیبی ورثے کے مطالعے کے لیے وقف کر دیا۔ آپ نے خاص طور پر راولپنڈی اور خطۂ پوٹھوہار کی تاریخی حیثیت، ثقافتی شناخت اور آثارِ قدیمہ پر تحقیق کر کے اُن گوشوں کو اجاگر کیا جن پر عموماً توجہ نہیں دی جاتی۔
ان کی تحریریں صرف ماضی کا بیان نہیں بلکہ قاری کے اندر اپنے ورثے سے وابستگی اور فخر کا احساس بھی بیدار کرتی ہیں۔
تاریخ کا ایک ادنیٰ طالبِ علم ہونے کے ناطے جب میں نے تاریخِ راولپنڈی کو پڑھنے کی ضرورت محسوس کی تو جس بڑی شخصیت اور محقق کا نام سامنے آیا، وہ تھے راجہ محمد عارف منہاس رحمہ اللہ۔
راجہ عارف منہاس صاحب کلرسیداں روڈ پر واقع معروف گاؤں ساگری کے رہنے والے تھے۔ پیشے کے لحاظ سے اسکول ٹیچر تھے، لیکن انہیں تاریخ، آثارِ قدیمہ، اور بالخصوص خطۂ پوٹھوہار اور ضلع راولپنڈی کی تاریخ و تہذیب پر خاص دسترس حاصل تھی۔
مجھے آپ کی پہلی کتاب تاریخِ راولپنڈی (جو مجھے اورنگزیب صاحب، غریب آباد سے ملی) پڑھنے کا موقع ملا، ساتھ ہی تاریخِ راولپنڈی اور تحریکِ پاکستان کا مطالعہ بھی کیا۔ ان کتابوں کے مطالعے سے یہ حقیقت مجھ پر منکشف ہوئی کہ آپ کوئی معمولی شخصیت نہیں تھے، بلکہ ایک کہنہ مشق مورخ اور محقق تھے۔
مزید جستجو کے دوران میری ملاقات استادِ محترم، ہیڈ ماسٹر و پرنسپل ریٹائرڈ جناب چوہدری محمد شبیر صاحب آف رہوڑہ سے ہوئی۔ گفتگو کے دوران جب راجہ عارف منہاس صاحب کا ذکر آیا تو انہوں نے فرمایا کہ
“وہ میرے دوست تھے، اور اپنی تمام کتابیں انہوں نے مجھے تحفے میں دی تھیں۔ اس وقت میں گورنمنٹ ہائی اسکول پنڈوڑی جبر میں ہیڈ ماسٹر تھا، اور وہ تمام کتب میں نے اسکول کی لائبریری میں جمع کروا دی تھیں۔ آپ کو وہیں سے مل جائیں گی۔”
بھلا ہو میرے کلاس فیلو ارشد بھٹی صاحب کا، جن کی مدد سے مجھے مزید تین کتابیں حاصل ہوئیں، جن کے نام یہ ہیں:
-
پوٹھوہار اور آثارِ قدیمہ
-
دنیا کی سفاک شخصیت
اب راجہ صاحب کی مزید تصانیف کی تلاش جاری ہے۔ میرے علم و معلومات کے مطابق ان کی تصانیف کی فہرست درجِ ذیل ہے:
-
پوٹھوہار اور آثارِ قدیمہ
-
تاریخِ راولپنڈی (جلد اوّل)
-
تاریخِ راولپنڈی (جلد دوم)
-
تاریخِ راولپنڈی اور تحریکِ پاکستان
-
تاریخِ ساگری
-
دنیا کی سفاک شخصیت
-
تذکرۂ قومِ منہاس
-
تاریخِ راجپوتاں
-
دنیا کی سفاک شخصیت
-
Tutor in English for High Classes
-
Easy English Composition for Middle and High Classes
اگر آپ کے علم میں راجہ عارف منہاس صاحب کی کوئی اور تصنیف یا معلومات ہوں تو براہِ کرم ضرور آگاہ فرمائیں۔ یہ مضمون راجہ محمد عارف منہاس رحمہ اللہ کی علمی و تحقیقی خدمات کے اعتراف کے طور پر تحریر کیا گیا ہے۔ان کی تصانیف پوٹھوہار کی تاریخ، ثقافت اور تہذیبی ورثے کو محفوظ رکھنے میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہیں۔اگر آپ کے پاس ان کے بارے میں کوئی مزید معلومات یا نایاب مواد موجود ہو تو آپ کی رہنمائی اور تعاون میرے لیے باعثِ مسرت ہوگا۔
تحریر: ایک طالبِ علمِ تاریخ(عقیل احمد قریشی) کی طرف سے، راجہ محمد عارف منہاس کے نام ایک خراجِ عقیدت۔