چو مصرع: پہلا پوٹھوہاری سہہ ماہی مجلہ

للہ ربّ العزت کے فضل و احسان سے سہ ماہی ” چو مصرع “ کی اشاعت اپنی تمام تر ادبی نزاکتوں، تہذیبی حوالوں اور جمالیاتی حسن کے ساتھ آپ کی خدمت میں پیش کی جا رہی ہے۔ یہ صرف ایک مجلہ نہیں، بلکہ ایک ادبی تحریک کی ابتدائی صدا ہےایک ایسا خواب جو مدتوں سے اہلِ سخن کی نگاہوں میں تھا اور جسے تعبیر کی منزل تک لانے میں ہم نے شب و روز کا سفر طے کیا۔
خطۂ پوٹھوہار و آزاد کشمیر کی زبان و ادب کا دامن مختلف اصنافِ سخن سے مرصّع ہے، مگر ”چو مصرع“ کی صنف اس خطے کی تہذیبی شناخت اور شعری روایت کا ایک انمول گوہر ہے۔ اس صنف میں وہ دل آویز رچاؤ، سادگی میں پنہاں گہرائی، اور فطرت سے جُڑا وہ رنگ ہے جو براہِ راست دل پر اثر انداز ہوتا ہے۔ یوں تو اس فن میں بے شمار صاحبِ طرز شعراء نے اپنی تخلیقی کاوشوں سے رنگ بھرا، مگر ان کے کلام کو محفوظ اور مربوط کرنا وقت کی ایک اہم ضرورت بن چکا تھا۔
ان شعراء کے ساتھ ساتھ، پوٹھوہار کے شعرخوان حضرات نے بھی فنِ گائیکی، ساز و سر، اور مخصوص علاقائی آہنگ کے دلنشین امتزاج سے ایک ایسی روحانی فضا پیدا کی، جس نے ”چو مصرع“ کو صرف پڑھنے کا نہیں، بلکہ سننے، محسوس کرنے اور روح میں اُتر جانے کا بھی فن بنا دیا۔ اُن کی مخلصانہ کاوشیں اس روایت کو ایک زندہ، متحرک اور ہمہ گیر فن کی صورت عطا کرتی ہیں، جو نہ صرف دلوں کو چھوتی ہیں بلکہ جذبات کی سچی ترجمان بھی ہیں۔
طوبیٰ فاؤنڈیشن کا عزم ہے کہ اس ادبی اور ثقافتی ورثے کو نہ صرف محفوظ کیا جائے بلکہ جدید تحقیق، تدوین اور اشاعت کے ذریعے اسے نئی نسل تک بھی منتقل کیا جائے۔ ہماری کوشش ہے کہ ”چو مصرع“ کو سہ ماہی سے ترقی دے کر ماہنامہ بنایا جائے، اور اس میں محض کلام ہی نہیں بلکہ شعراء کا تعارف، ان کے فنی اسلوب پر مباحث، تحقیقی مقالات اور شعری جمالیات پر تنقیدی مکالمے بھی شامل ہوں۔

فیدبیک درج کریں

There are no reviews yet. Be the first one to write one.

Scroll to Top