راجہ ولایت اظہرؔ(للیال، گوجر خان) — تعارف
راجہ ولایت اظہرؔ ولد راجہ منصب داد، 8 اگست 1934 کو للیال (نزد سکھو، گوجر خان) میں پیدا ہوئے۔ آپ خطۂ پوٹھوہار کی شعری روایت کے ایک ممتاز اور منفرد شاعر تھے، جنہوں نے خصوصاً “چو مصرع” کی صنف میں اپنی الگ پہچان قائم کی۔ آپ کی شاعری فکری گہرائی، روحانی احساس اور جمالیاتی اظہار کا حسین امتزاج ہے، جس میں حقیقت، مجاز، تشبیہات اور علامتی اظہار بڑی خوبصورتی سے جلوہ گر ہوتا ہے۔
آپ کے استادِ سخن غلام نبی اختر (ترلائی کلاں، اسلام آباد) تھے، جبکہ آپ نے پیر عبد اللہ شاہ نقشبندی (بھنگالی، گوجر خان) کے دستِ حق پر بیعت کی ہوئی تھی۔ اس روحانی وابستگی نے آپ کی شخصیت اور شاعری دونوں کو ایک خاص صوفیانہ رنگ عطا کیا۔
راجہ ولایت اظہرؔ کو سائیں احمد علی پشاوری ثمہ پنڈی سے گہری عقیدت و محبت حاصل تھی۔ آخری عمر میں ان کی شخصیت بھی اسی درویشانہ رنگ میں ڈھل گئی تھی سر پر پگڑی اور ہاتھ میں بیٹرا ان کی پہچان بن چکی تھی۔ ان کے کلام میں جو گہرائی اور تاثیر پائی جاتی ہے، وہ خطۂ پوٹھوہار کے شعری حلقوں میں خاص مقام رکھتی ہے۔
آپ کے کلام کی ترویج میں چوہدری اکرم گجر نے نمایاں کردار ادا کیا، اور پوٹھوہار کا شاید ہی کوئی معروف شعرخوان ہو جس نے آپ کا کلام پیش نہ کیا ہو۔ اسلام پورہ جبر کے ایک مشاعرے میں شیخ منیر چشتی صاحب نے آپ کو “ثانیِ سائیں” کا لقب عطا کیا، جو آپ کی روحانی و ادبی عظمت کا اعتراف اور سائیں احمد علی سے محبت و دیوانگی کا اظہار تھا۔
راقم کو بھی اسلام پورہ جبر کے ثقافتی میلے میں، سائیں مرچو کے مزار پر منعقدہ مشاعرے میں آپ کو سننے کا شرف حاصل ہوا، جہاں آپ خود صدارت فرما رہے تھے۔ پوٹھوہارکے ممتاز محقق فیصل عرفان لکھتے ہیں کہ
راجہ ولایت اظہرؔ نہ صرف شاعر تھے بلکہ اپنی تمام کتابوں کی کتابت خود کرنے کا منفرد ہنر بھی رکھتے تھے، جو ان کی علمی وابستگی اور محنت کی واضح علامت ہے۔ آپ نے 15 جون 2017 کو وفات پائی اور اپنے آبائی گاؤں للیال میں سپردِ خاک ہوئے۔
تصانیف (کتابوں کی فہرست)
راجہ ولایت اظہرؔ کی نمایاں تصانیف درج ذیل ہیں:
- گہریاں شاماں (1988)
- زندگی
- نقوشِ اقبال
- گل پُھل ورگی
- طرحی
- چٹھی شہباز نوں (مطبوعہ: مئی 2010)
- ناں سائیں دا (زیرِ طبع)
اضافی معلومات
- کتاب “چٹھی شہباز نوں” کا سرورق (ٹائٹل) بھی خود راجہ ولایت اظہر نے ڈیزائن کیا تھا۔
- ان کی کتاب “گل پُھل ورگی” اور “زندگی” پر سنِ اشاعت درج نہیں ہے۔
ابن محمد جی قریشی

